جناب میڈیکل انچارج RHC ہسپتال سربندن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر، ڈپٹی کمشنر گوادر اور معزز ایم پی اے گوادر
موضوع: سربندن RHC کی واحد ایمبولینس کی فوری مرمت و بحالی کے متعلق درخواست
جناب عالی!
ادب سے گزارش ہے کہ ہم سربندن اور گردونواح کے مکین آپ کی توجہ ایک انتہائی اہم اور انسانی مسئلے کی طرف دلانا چاہتے ہیں۔
1. سربندن کی کل آبادی تقریباً 20 سے 25 ہزار کے لگ بھگ ہے رولر ایریا کے مریض بھی علاج و ایمرجنسی کے لیے اسی واحد RHC ہسپتال پر انحصار کرتے ہیں۔
2. ہسپتال کے پاس صرف ایک ایمبولینس موجود ہے، یہ ایمبولینس گزشتہ ایک سال سے معمولی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہے۔ مقامی مکینک کے مطابق اس کی مرمت پر زیادہ سے زیادہ 1 سے 1.5 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔
3. ایمبولینس کی عدم موجودگی کی وجہ سے علاقے کے مریض، حاملہ خواتین، اور حادثات کے زخمیوں کو گوادر یا کراچی منتقل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی قیمتی جانیں تاخیر کی وجہ سے ضائع ہو چکی ہیں۔
4. یہ امر قابلِ تشویش ہے کہ سر بندن معزز ایم پی اے صاحب کا اپنا آبائی علاقہ ہے، لیکن گزشتہ ایک سال سے نہ ضلعی انتظامیہ اور نہ محکمہ صحت نے اس 1.5 لاکھ کے چھوٹے مسئلے پر توجہ دی ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری گاڑی زنگ آلود ہو کر کباڑ بن رہی ہے۔
لہذا، آپ سے بصد احترام درخواست ہے کہ:
1. فوری طور پر محکمہ صحت کے فنڈ سے یا ایم پی اے اپنے ترقیاتی فنڈ سے 1.5 لاکھ روپے جاری کر کے ایمبولینس کی مرمت کروائی جائے۔
2. مرمت کے بعد ایمبولینس کے لیے ڈرائیور اور فیول کا باقاعدہ انتظام کیا جائے تاکہ یہ 24 گھنٹے فعال رہے۔
ہم اہلیانِ سر بندن امید کرتے ہیں کہ آپ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس درخواست پر فوری ایکشن لیں گے۔ ہم آپ کے شکر گزار رہیں گے۔
اہلیانِ سربندن
