اورماڑہ: موٹر سائیکل میں دھماکہ، پسنی کا رہائشی شخص ہلاک

اورماڑہ (گوادر ڈیجیٹل) موٹر سائیکل میں دھماکہ، پسنی کا رہائشی شخص ہلاک
اورماڑہ میں ایک مہمان خانہ کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا، جس کا تعلق پسنی کے علاقے ماکولہ سے بتایا جاتا ہے۔ یہ واقعہ معروف مذہبی پیشوا سید مہیم جان کی بیٹھک (مہمان خانے) میں پیش آیا۔
ایس ایچ او اورماڑہ بشیر احمد کے مطابق، تحصیل پسنی کے علاقے ماکولہ کا رہائشی راجہ ولد چارشمبے، گزشتہ شب مذہبی پیشوا سید مہیم جان کے مہمان خانے میں آیا تھا اور رات وہیں مقیم تھا۔ علی الصبح جب وہ روانگی کے لیے اپنی موٹر سائیکل اسٹارٹ کرنے لگا، تو اس میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور پاک بحریہ کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اورماڑہ میں پاکستان نیوی کا ایک بڑا اور اہم نیول بیس بھی موجود ہے۔
بشکریہ : بلوچستان درور

اپنا تبصرہ لکھیں