گوادر(گوادر ڈیجیٹل )ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز کی ہدایات پر، پاکستان کوسٹ گارڈز فور بٹالین پسنی کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل بلال جالپ کی خصوصی کاوش سے، پسنی کے دیہی اور دور دراز علاقوں کے طلبہ کے لیے فری ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فری بس سروس کے ذریعے گرانی گوٹھ، کلی گوٹھ، ڈیلی گوٹھ اور دیگر دور دراز گوٹھوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو تعلیمی اداروں تک محفوظ، باعزت اور مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی، تاکہ سفری مشکلات کے باعث ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
اس سروس سے بالخصوص وہ پرائمری سطح کے طلبہ مستفید ہوں گے جو اپنے علاقوں میں ہائی اسکول تک رسائی نہ ہونے کے باعث پرائمری تعلیم کے بعد اپنی پڑھائی جاری نہیں رکھ پاتے تھے۔ فری ٹرانسپورٹ کی سہولت سے اب انہیں ہائی اسکول تک رسائی حاصل ہوگی اور وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں گے۔
اس سلسلے میں پاکستان کوسٹ گارڈز فور بٹالین پسنی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے فیتہ کاٹ کر فری بس سروس کا افتتاح کیا۔ تقریب میں پسنی کے مختلف اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز، طلبہ، ڈی ڈی او ایجوکیشن پسنی، پولیس کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے پسنی میں عوامی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پہلے ہی پاک عمان ہسپتال کے لیے مفت شٹل بس سروس، ایمبولینس سروس اور میت بس سروس جاری ہیں۔ طلبہ کے لیے فری بس سروس کا آغاز اسی سلسلے میں ایک نیا اور اہم قدم ہے۔
طلبہ نے اس سہولت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مناسب سفری سہولت نہ ہونے کے باعث انہیں روزانہ اسکول پہنچنے میں مشکلات کا سامنا تھا، تاہم فری بس سروس سے ان کے سفری مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
