بیوہ خاتون کا جی ڈی اے اور پولیس پر گھر میں گھس کر تشدد اور لوٹ مار کا الزام

گوادر (گوادر ڈیجیٹل ) نیا آباد گوادر کی رہائشی ایک بیوہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ گزشتہ 30 برسوں سے نیو ٹاؤن فیز ٹو میں اپنے بچوں کے ساتھ جھونپڑی بنا کر رہائش پذیر ہیں۔
گزشتہ روز جی ڈی اے کی انسدادِ تجاوزات ٹیم اور پولیس اہلکار ان کے گھر پہنچے اور بغیر کسی قانونی نوٹس یا وارنٹ کے گھر میں داخل ہو گئے۔ متاثرہ خاتون کے مطابق کارروائی کے دوران ایک خاتون پولیس اہلکار نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا،
ان کے کپڑے پھاڑ دیے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ خاتون کا مزید کہنا ہے کہ کارر وائی کے دوران گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور گھر میں موجود تقریباً دس تولہ سونا، تین موبائل فون اور نقد رقم بھی غائب ہو گئی۔
خاتون کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکار دودا سمیت دیگر اہلکاروں نے چادر و چار دیواری کے تقدس کی خلاف ورزی کی اور غیر قانونی طور پر گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ کو ہراساں کیا۔
متاثرہ خاندان نے حکامِ بالا، ضلعی انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ افسران اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے اور مبینہ طور پر غائب ہونے والے سونے،موبائل فونز اور نقدی کی برآمدگی یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں