گوادر پولیس میں 527 کانسٹیبلز کی بھرتی، نوجوانوں کے لیے روزگار کا بڑا موقع

گوادر(گوادر ڈیجیٹل )گوادر پولیس میں تقریباً 527 کانسٹیبلز کی بھرتی کا عمل جاری ہے، جسے ضلع کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کا حصہ بننے کا اہم موقع قرار دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی گوادر عطا الرحمن ترین کی جانب سے صحافیوں اور عوام کے نام جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ گوادر پولیس میں جاری بھرتی کو محض سرکاری ملازمت نہیں بلکہ نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے کا ایک اہم موقع سمجھا جائے۔

پیغام میں کہا گیا کہ موجودہ دور میں سرکاری ملازمت کے مواقع محدود ہیں، جبکہ نوجوانوں کو روزگار کے حصول کے لیے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ ایسے میں گوادر پولیس میں 527 آسامیوں پر بھرتی مقامی نوجوانوں کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔

ایس ایس پی گوادر کے مطابق پولیس فورس میں شمولیت کے ذریعے نوجوان نہ صرف اپنے والدین اور خاندان کا سہارا بن سکتے ہیں بلکہ اپنے علاقے اور عوام کی خدمت بھی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے گوادر کے والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے بیٹے یا بیٹی کا قد، جسمانی صلاحیت اور مطلوبہ اہلیت مقررہ معیار کے مطابق ہے تو انہیں بھرتی کے عمل میں ضرور شرکت کی ترغیب دیں۔ پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ امیدوار محنت، قابلیت اور حوصلے کی بنیاد پر اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

ایس ایس پی گوادر نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ بھرتی کے عمل میں کسی قسم کے شارٹ کٹ یا غیر قانونی ذریعے کی ضرورت نہیں، بلکہ اپنی اہلیت اور محنت پر اعتماد کرتے ہوئے میرٹ کے مطابق آگے بڑھیں۔

انہوں نے صحافی برادری سے بھی اپیل کی کہ گوادر کے دور دراز علاقوں تک اس بھرتی کی خبر پہنچائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ایس ایس پی گوادر کا کہنا ہے کہ مقصد صرف 527 نوجوانوں کو پولیس فورس میں شامل کرنا نہیں بلکہ انہیں ایک باعزت روزگار، بہتر مستقبل اور عوامی خدمت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں