گوادر(گوادر ڈیجیٹل )پاکستان کوسٹ گارڈز فور بٹالین پسنی کی جانب سے ڈی جی کوسٹ گارڈز کی وژن کے تحت پسنی کی مستحق اور بیوہ خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے سلائی مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت لفٹیننٹ کرنل بلال جالپ نے کی۔
تقریب میں پسنی کی سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان کوسٹ گارڈز فور بٹالین پسنی کی جانب سے مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں، تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کرکے اپنے اور اپنے بچوں کے اخراجات پورے کر سکیں۔
پاکستان کوسٹ گارڈز فور بٹالین پسنی کی جانب سے دیگر فلاحی اقدامات کے ساتھ ساتھ بیوہ اور مستحق خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے پسنی کی مستحق اور بیوہ خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئی تھیں، جن سے متعدد خواتین سلائی کا کام کرکے اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہی ہیں۔
اسی سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ایک بار پھر مزید مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین ہنر کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کرکے اپنے بچوں کی بہتر کفالت کر سکیں اور معاشی طور پر خود مختار بن سکیں۔
اس فلاحی اقدام کو پسنی کے عوام نے سراہتے ہوئے پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل اور فور بٹالین پسنی کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے فلاحی اقدامات نہ صرف مستحق خاندانوں کی مالی مشکلات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
