گوادر(گوادر ڈیجیٹل )گوادر ایمبولینس سروس کی چار سالہ کارکردگی رپورٹ جاری، 3,799 مریضوں کو خدمات فراہم کی گئیں
گوادر ایمبولینس سروس (GASG) نے اپنی چار سال اور پانچ ماہ پر مشتمل کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق یکم جنوری 2022 سے 31 مئی 2026 تک مجموعی طور پر 3,799 مریضوں کو مختلف ہنگامی طبی خدمات فراہم کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں 2,343 ایمرجنسی مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 484 زچگی کے کیسز اور 395 حادثات سے متاثرہ افراد کو بھی ایمبولینس سروس کے ذریعے سہولیات مہیا کی گئیں۔ اسی دوران 533 میتوں کی منتقلی کا فریضہ بھی انجام دیا گیا۔ مزید برآں، گوادر میں آنے والے سیلاب کے دوران 44 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 3,145 مریضوں کو شہر کے اندر جبکہ 472 مریضوں کو شہر سے باہر منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ 138 مریضوں کو تربت منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب گوادر مردہ خانہ (Mortuary) کی رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2026 سے 31 مئی 2026 تک 17 میتوں کو مردہ خانے کی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں 16 مرد اور 1 خاتون شامل تھیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گوادر ایمبولینس سروس کے زیر انتظام غسلِ میت، کفن دفن اور متعلقہ خدمات کے تحت مجموعی طور پر 21 میتوں کی رسمِ غسل و کفن کا انتظام کیا گیا۔
گوادر ایمبولینس سروس کے چیئرمین نے کہا کہ ادارہ محدود وسائل کے باوجود عوام کو بروقت اور معیاری ہنگامی خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہا ہے اور مستقبل میں بھی عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
گوادر ڈیجیٹل
