کوئٹہ: پی سی بی سینئر انٹر کپ میں تربت اور گوادر مدمقابل، ایم پی اے ہدایت الرحمن بلوچ کی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی
کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی کے کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیرِ اہتمام سینئر انٹر کپ کے تین روزہ میچ میں تربت اور گوادر کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔
میچ کے پہلے روز کے مہمانِ خصوصی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ تھے، جن کا گراؤنڈ پہنچنے پر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن گوادر کے جنرل سیکرٹری عبداللہ علی حسن نے پرتپاک استقبال کیا۔
وقفے کے دوران مہمانِ خصوصی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکران کے نوجوان کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں، جو ایک خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان اپنی محنت، جذبے اور لگن سے اسپورٹس کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کریں گے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہمیشہ نوجوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ فوٹو سیشن کیا اور دونوں ٹیموں کو ڈنر پر مدعو کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر پی سی بی کوچ گوادر صابر حیاتان، ڈسٹرکٹ تربت کے کوچ حافظ قدوس اور اسکورر منیور بھی موجود تھے، جنہوں نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔
