گوادر (رپورٹ اختر ملنگ / گوادر ڈیجیٹل ) گوادر ڈیجیٹل پر خبر نشر ہوتے ہی اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شہر بھر میں نان بائی کی دکانوں کا معائنہ کروایا۔ اس دوران پرائس کنٹرول کمیٹی کے انچارج انصار عثمان کی قیادت میں پیڑوں کا وزن چیک کیا گیا۔ معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ اکثریت نان بائی کی پیڑوں کا وزن 85 گرام پایا گیا، جو سرکاری معیار سے کم تھا، جبکہ متعدد مقامات پر بھی مقررہ وزن کی خلاف ورزی دیکھی گئی۔
دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ سرکاری نرخ نامے اور مقررہ وزن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، بصورتِ دیگر جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی قیمتوں اور معیار کی مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
