موٹر سائیکل رجسٹریشن سے متعلق عوام کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلے ناقابل قبول ہیں۔ماجد جوہر چئیرمین بلدیہ گوادر

گوادر (گوادر ڈیجیٹل)موٹر سائیکل رجسٹریشن کے نام پر عوام کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلے قابل قبول نہیں، لوکل گورنمنٹ نمائندوں کو نظر انداز کرنا غیر جمہوری عمل ہے: چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر

گوادر: چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر نے موٹر سائیکل رجسٹریشن کے حالیہ عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کسی بھی لوکل گورنمنٹ نمائندے یا عوامی نمائندے کو شریک نہ کرنا قابل افسوس اور غیر جمہوری اقدام ہے۔ عوام کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر ایسے اہم فیصلے مسلط کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے اپنی مرضی سے ایک نجی ادارے کو رجسٹریشن کا اختیار دینا اور عوام پر اس عمل کو مسلط کرنا شہریوں کے حقوق اور لوکل گورنمنٹ کے آئینی کردار کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔ گوادر کے عوام کے مسائل، مشکلات اور زمینی حقائق سے منتخب عوامی نمائندے ہی بخوبی آگاہ ہوتے ہیں، اس لئے ان کو اعتماد میں لئے بغیر کسی بھی رجسٹریشن یا عوام سے متعلق فیصلے کو نہ عوامی نمائندوں کی حمایت حاصل ہوگی اور نہ ہی عوام اسے قبول کریں گے۔

چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر نے واضح کیا کہ موٹر سائیکل رجسٹریشن کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ لوکل گورنمنٹ کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لے کر اور ان کی مشاورت سے کیا جائے تاکہ ایک ایسا لائحہ عمل بنایا جا سکے جو عوام کے لئے قابل قبول اور آسان ہو۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر لوکل گورنمنٹ نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر اس عمل کو جاری رکھنے کی کوشش کی گئی تو نہ صرف اس رجسٹریشن کے عمل کا بائیکاٹ کیا جائے گا بلکہ اس غیر منصفانہ اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت بھی کی جائے گی، کیونکہ عوام کے حقوق کا تحفظ منتخب نمائندوں کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ لکھیں