گوادر میونسپل کمیٹی کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کی منظوری

گوادر (گوادر ڈیجیٹل / ویب ڈیسک)گوادر میونسپل کمیٹی کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کی منظوری .سربندن اور پشکان کو بھی جلد میونسپل کمیٹی کا درجہ ملنے کا امکان

قائد حق دو تحریک بلوچستان و ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی خصوصی کاوشوں اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی دلچسپی کے باعث صوبائی کابینہ نے گوادر میونسپل کمیٹی کو باضابطہ طور پر گوادر میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اہم فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ گوادر شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی، وسعت اور ترقیاتی ضروریات کے پیش نظر ایک نہایت اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ گوادر جیسے بین الاقوامی اہمیت کے حامل شہر کے مؤثر نظم و نسق، بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے میونسپل کمیٹی کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا تھا۔

ماضی میں اس اہم معاملے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی، تاہم ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اپنی انتھک محنت، مسلسل جدوجہد اور سنجیدہ کوششوں کے ذریعے اس دیرینہ مطالبے کو عملی جامہ پہنایا۔ ان کی قیادت میں گوادر کے عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں صوبائی سطح پر اجاگر کیا گیا جس کے نتیجے میں صوبائی کابینہ نے اس اہم فیصلے کی منظوری دی۔میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنے سے گوادر میں شہری سہولیات، صفائی، انفراسٹرکچر، ترقیاتی منصوبوں اور بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، جس سے شہر کی مجموعی ترقی اور عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔اس کے علاوہ یوسی پشکان اور سربندن کو بھی میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کے لئے صوبائی کابینہ کی منظوری لی جائے گی.

اپنا تبصرہ لکھیں