دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری پاکستان کونسےنمبر پر ہے؟

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) فروری 2026 کے لیے جاری ہونے والی عالمی پاسپورٹ رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ہینلے اینڈ پارٹنرز کی تازہ فہرست کے مطابق اس بار بھی ایک ایشیائی ملک کا پاسپورٹ دنیا میں سب سے زیادہ طاقتور قرار دیا گیا ہے۔ہینلے انڈیکس کے اعداد و شمار کے مطابق سنگاپور سرفہرست ہے اور اس کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرنے کی سہولت رکھتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں جن کے پاسپورٹس کے حامل افراد 187 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

تیسری پوزیشن پر سویڈن اور متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹس ہیں، جن کے شہری 186 ممالک میں بغیر ویزا داخل ہوسکتے ہیں، اور یہ پہلا موقع ہے کہ یو اے ای اس مقام تک پہنچا ہے۔ چوتھے نمبر پر ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، آسٹریا، بیلجیئم، آئرلینڈ، اٹلی، فرانس، جرمنی، ناروے، فن لینڈ، نیدرلینڈز اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں، جن کے پاسپورٹس سے 185 ممالک میں ویزا فری سفر ممکن ہے۔ پانچویں درجے پر آسٹریا، پرتگال، یونان اور مالٹا ہیں جن کے شہری 184 ممالک تک بغیر ویزا جا سکتے ہیں۔

پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوری کی فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ کمزور ترین ممالک میں چوتھے نمبر پر تھا، تاہم فروری کی درجہ بندی میں اس کی پوزیشن ایک درجہ بہتر ہوئی ہے۔ اس وقت پاکستان مجموعی طور پر 97 ویں نمبر پر ہے اور اس کے حامل افراد 32 ممالک میں ویزا کے بغیر داخل ہوسکتے ہیں۔فہرست کے نچلے حصے میں یمن 98 ویں، عراق 99 ویں، شام 100 ویں اور افغانستان 101 ویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان سے ایک درجہ اوپر صومالیہ 96 ویں نمبر پر ہے جبکہ نیپال 95، شمالی کوریا 94، بنگلا دیش 93 اور اریٹیریا 92 ویں پوزیشن پر ہیں۔ مزید یہ کہ فلسطین، شمالی کوریا اور سری لنکا مشترکہ طور پر 91 ویں درجے پر موجود ہیں، جبکہ بھارت 80، چین 59، ایران 92 اور سعودی عرب 54 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں