گوادر (گوادر ڈیجیٹل ) یونیورسٹی آف گوادر میں بزنس اینڈ کلچرل گالا 2026 کی اختتامی تقریب نہایت وقار، جوش و خروش اور عوامی دلچسپی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، اساتذہ، مقامی کمیونٹی اور مختلف تعلیمی و سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ یہ میگا ایونٹ نہ صرف نوجوانوں کی تخلیقی اور کاروباری صلاحیتوں کے اظہار کا ذریعہ بنا بلکہ گوادر اور مکران خطے کے ثقافتی اور معاشی تشخص کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بھی ثابت ہوا۔
اختتامی تقریب کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی، جبکہ بریگیڈیئر وقار احمد قریشی (کمانڈر 440 بریگیڈ) مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کے اعزازی مہمانوں میں ڈی آئی جی پولیس عمران قریشی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد اور گوادر ڈسٹرکٹ چیئرمین شیخ مختار شامل تھے۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، صدر گوادر پریس کلب نور محسن، ڈینز، شعبہ جاتی سربراہان، سرکاری افسران، سماجی رہنما اور صحافیوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے معزز مہمانوں کی شرکت پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے بزنس اینڈ کلچرل گالا کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، فیکلٹی اور طلبہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے ایونٹس طلبہ کو عملی زندگی سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ گوادر کی معاشی، کاروباری اور ثقافتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
وائس چانسلر نے بزنس گالا کے انعقاد میں تعاون پر صوبائی حکومت بلوچستان اور وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی سرپرستی اور معاونت سے اس میگا ایونٹ کو کامیابی سے ممکن بنایا گیا۔ اسی طرح گورنر بلوچستان و چانسلر جناب شیخ جعفر خان مندوخیل کی سرپرستی پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے گوادر ضلعی انتظامیہ، گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر تعاون کرنے والے اداروں اور افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے گالا کے منتظمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور گوادر پریس کلب کے صحافیوں کو ایونٹ کی بھرپور اور مثبت کوریج پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر وقار احمد قریشی نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی آف گوادر کی تعلیمی، تحقیقی اور سماجی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزنس اینڈ کلچرل گالا نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں عملی تجربات فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس گوادر کے نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ قومی ترقی میں ان کے کردار کو مضبوط بناتے ہیں۔
بزنس اینڈ کلچرل گالا 2026 مختلف النوع سرگرمیوں پر مشتمل تھا جن میں بزنس اسٹارٹ اپس، آئی ٹی پروجیکٹس، سائنسی ماڈلز، آرٹس اینڈ کرافٹس، ثقافتی اسٹالز اور لوک موسیقی شامل تھیں۔ مجموعی طور پر پچہتر بزنس اسٹالز، اٹھارہ آئی ٹی پروجیکٹس، سولہ سائنسی پروجیکٹس اور پینتیس آرٹس اینڈ کرافٹس کے منصوبے نمائش کے لیے پیش کیے گئے، جبکہ ثقافتی اور روایتی موسیقی کے اسٹالز نے ایونٹ کو علاقائی رنگ عطا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سماجی ذمے داری کے تحت بلڈ ڈونیشن کیمپس بھی قائم کیے گئے۔
بزنس گالا میں یونیورسٹی آف گوادر کے علاوہ یونیورسٹی آف تربت، لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل اور مکران یونیورسٹی پنجگور کے طلبہ و نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ڈگری کالج گوادر، عطا شاد ڈگری کالج تربت اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھی شرکت کی، جس سے یہ ایونٹ ایک علاقائی سطح کے نمائندہ پروگرام کی صورت اختیار کر گیا۔
بزنس اینڈ کلچرل گالا کے دوران طلبہ اور تعلیمی اداروں کی شاندار کارکردگی کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف مقابلے منعقد کیے گئے جن میں آرٹس ایگزیبیشن، بزنس اسٹالز، آئی ٹی پروجیکٹس اور سائنسی ماڈلز شامل تھے۔ آرٹس ایگزیبیشن میں شاہ زیب سخی داد (نیو ٹاؤن گرامر اسکول) نے پہلی، ازکا طیب (یونیورسٹی آف گوادر) نے دوسری اور شاکر مراد (دی اسکول آف آرٹ گوادر) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بزنس اسٹال مقابلے میں Queue Dot (قرۃالعین امیر، یونیورسٹی آف گوادر) نے پہلی، FS Shopping (فاخرہ) نے دوسری اور بریانی اینڈ آئس کریم کارنر (مزمل اسلام، گوادر گرامر اسکول) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آئی ٹی پروجیکٹس مقابلے (Code and Beyond) میں Dehyar (میر دوست رحیم، یونیورسٹی آف تربت) نے پہلی، A.I Squad (حافظ صلاح الدین، لسبیلہ یونیورسٹی) نے دوسری اور Sehat A.I (شیر ناز، یونیورسٹی آف گوادر) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سائنس ماڈل ایگزیبیشن میں گوادر گرامر اسکول (عبدالاحد) نے پہلی، عطا شاد ڈگری کالج تربت (اسرار لقمان) نے دوسری اور یونیورسٹی آف گوادر (سخی داد) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اختتامی تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء، اسٹال منتظمین اور رضاکاروں میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
یونیورسٹی آف گوادر کا بزنس اینڈ کلچرل گالا 2026 اس تعلیمی ادارے کے اس عزم کا واضح ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ ثقافتی شناخت، کاروباری جدت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہا ہے۔
ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے قبل مہمانِ خصوصی برگیڈیئر وقار ہاشمی، معزز مہمان آئی جی پولیس گوادر عمران ہاشمی اور چیئرمین گوادر ڈسٹرکٹ شیخ مختار نے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کے ہمراہ مختلف اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے نمائش میں پیش کیے گئے تخلیقی کاموں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔
عوامی دلچسپی، بھرپور شرکت اور عوامی مطالبے کے پیشِ نظر بزنس اینڈ کلچرل گالا میں ایک دن کی مزید توسیع کرتے ہوئے اسے جمعرات، 5 فروری تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
