ضلع گوادر کی تحصیل جیوانی کے پسماندہ علاقے کرمی کی چار بستیاں۔ صادق بازار، حمل بازار، توکل بازار اور ملا فقیر محمد بازار گزشتہ چار ماہ سے شدید آبی بحران کا شکار ہیں

گوادر(گوادر ڈیجیٹل ) ضلع گوادر کی تحصیل جیوانی کے پسماندہ علاقے کرمی کی چار بستیاں۔ صادق بازار، حمل بازار، توکل بازار اور ملا فقیر محمد بازار—گزشتہ چار ماہ سے شدید آبی بحران کا شکار ہیں۔ مقامی آبادی کے مطابق علاقے میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے، جس کے باعث ہزاروں شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا، تاہم تاحال مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ پانی کی عدم دستیابی کے باعث لوگ مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں ایک ٹینکر کی قیمت تقریباً 9 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے، جو غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔
مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے علاقے میں پانی کی فراہمی بحال کرائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس حق سے مسلسل محرومی عوام کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔
اہلیانِ کرمی نے حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے پُرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں