گوادر (ایم بی سالک /گوادر ڈیجیٹل )مرکزی کال پر عملدرآمد نہ کرنے والے ملازمین کو گرینڈ الائنس کا حصہ نہ سمجھا جائے گا ۔ اپنے جائز حقوق کے لیے ملازمین قید و بند کی صعو بتوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ بلوچستان گرینڈ الائنس کی مرکزی کال پر تمام سرکاری دفاتر میں لاک ڈاؤن ہر صورت جاری رہے گا ۔ صوبائی حکومت ملازمین کے صبر کا مزید امتحان نہ لے ۔ملازمین متحد ہیں 30 فیصد ڈی آر اے لیکر رہیں گے ۔ 26 جنوری کو صبح 11 بجے آل پارٹیز کے ساتھ مل کر پریس کلب کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا گرینڈ الائنس گوادر کے کوار ڈینیشن کمیٹی مختلف اداروں میں جاکر ملازمین کو گرینڈ الائنس کی کال، لاک ڈاؤن کی اعلان پر عملدرآمد کرانے کے لیے زور دے گی ۔ صوبائی حکومت نے گرینڈ الائنس کے مرکزی راہنماؤں کے ساتھ جو ظلم کیا تاریخ انھیں کھبی معاف نہیں کرے گی ۔ راہنماؤں کا اجلاس سے خطاب ۔ گرینڈ الائنس گوادر کے کارکنان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے گرینڈ الائنس کے قائدین ، راہنما و کارکنان کے کوئٹہ میں ہونے والے پر امن ریلی پر پولیس گردی ، لاٹھی چارج ، آنسو گیس شیلنگ ، گرفتاریوں اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک سفاکانہ عمل قرار دیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت گرینڈ الائنس کی پلیٹ فارم پر صوبے بھر کے سرکاری ملازمین اپنے جائز چارٹر آف ڈیمانڈ اور ڈی آر اے کے لیے پر امن طور پر احتجاج کررہے ہیں مگر صوبائی حکومت نہتے سرکاری ملازمین کی پر امن احتجاج پر شاکی ہیں اور وہ ملازمین کی پر امن احتجاج کو سبوتاژ کرنے ، قائدین و کارکنان کو گرفتار کرنے ، انھیں جیلوں میں ڈالنے سمیت ان پر ظلم و جبرکے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔ جو قابلِ مذمت فعل ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملازمین اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے کسی صورت پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ۔ صوبائی حکومت کو انھیں ان کا حق انھیں دینی پڑے گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا وہ گرینڈ الائنس کی مرکزی کال پر لبیک کہتے ہیں اور ضلع گوادرکے کے تمام سرکاری ملازمین کو یہ واضح کرتے ہیں کہ گرینڈ الائنس ان کے حقوق کی جدو جہد میں مصروف عمل ہے لہذا کوئی بھی سرکاری ملازمین اپنے دفاتر کا مکمل لاک ڈاؤن کرکے گرینڈ الائنس کے ساتھ اپنے بھرپور یکجہتی کریں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی سر کاری ملازم نے گرینڈ الائنس کا ساتھ نہیں دیا تو گرینڈ الائنس اسے اپنا حصہ نہیں سمجھے گی اور ان کے کسی بھی مسئلے میں ان کا ساتھ نہیں دے گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر 26 جنوری کو صبح 11 بجے آل پارٹیز کے ساتھ مل کر اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ اور 30 فیصد ڈی آر اے کے لیے گوادر پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اجلاس میں ملازمین کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اس موقع پرمحمد حنیف، کمبر نثار، جلال میاہ، عزیز کے بی، امبر سمین، نادل صالح، مفتی ندیم، ڈاکٹر برکت اور دیگر نے خطاب کیا ۔
