گوادر(گوادر ڈیجیٹل ) گوادر، تربت، حب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں معطل کی گئی 3جی اور 4جی موبائل انٹرنیٹ سروسز بحال کر دی گئی ہیں، جس کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ انٹرنیٹ کی بحالی سے تعلیمی سرگرمیاں، آن لائن کاروبار، بینکنگ سروسز اور مواصلاتی نظام دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے بعد موبائل ڈیٹا سروس کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ انٹرنیٹ بندش کے باعث طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد اور عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
شہریوں نے انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ایسے اقدامات کم سے کم کیے جائیں گے تاکہ عوامی زندگی اور ڈیجیٹل سرگرمیاں متاثر نہ ہوں
