تربت (گوادر ڈیجیٹل )تربت یونیورسٹی طلباء کا فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ ریجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا مطالعاتی دورہ،معیاری بیجوں کی اہمیت اور سرٹیفکیشن پر طلباء کو ماہرین کی تفصیلی بریفنگ
یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے طلباء و اساتذہ نے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر جہانگیر خان کی قیادت میں تربت میں قائم فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ ریجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (FSC & RD) کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران طلال قادر، غلاب خان اور شاہ جان بھی طلباء کے ہمراہ تھے۔مطالعاتی دورے کا مقصد کلاس روم میں حاصل کردہ تھیوریٹیکل علم کو عملی تجربے اور مشاہدے سے جوڑنا تھا۔ دورے کے دوران طلباء کو بیجوں کی سرٹیفکیشن کے طریقہ کار، معیار کی یقین دہانی اور پائیدار زرعی پیداوار کے لیے معیاری بیجوں کی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محکمے کے افسران نے طلباء کو محکمے کی ذمہ داریوں اور دائرہ کار سے روشناس کرایا جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر ریسرچ ڈیٹس کے ماہرین نے پودوں کی افزائش، کیڑوں کے تدارک اور بیجوں کے معائنے کے حوالے سے مفصل گفتگو کی۔اس موقع پر محکمے کے ڈائریکٹر نعیم، ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد حسین، ایگرانومسٹ جمیل احمد، پلانٹ بریڈنگ وجینیٹیکس کے ماہر ڈاکٹر طارق، اینٹامولوجسٹ ڈاکٹر مختار، ایگرانومسٹ ڈاکٹر رفیق احمد، سوائل کیمسٹ سراج، ریسرچ آفیسر غلاب جان اور سیڈ انسپکٹر اسرار مجید نے اپنے اپنے شعبہ جاتی تجربات اور مہارتیں طلباء کے ساتھ شیئر کیں اور زرعی تحقیق کے مختلف پہلوؤں پر عملی مظاہرے بھی کروائے۔ڈاکٹر جہانگیر خان نے پرخلوص میزبانی اور طلباء کو قیمتی علمی،عملی و تحقیقی معلومات فراہم کرنے پر محکمے کے افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں یونیورسٹی آف تربت اپنے طلباء کو جدید سہولیات اور عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی خطے میں نیچرل اور بیسک سائنسز کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے تاکہ ایسے محققین، موجدین اور ماہرین تیار کیے جا سکیں جو قومی و علاقائی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔