ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ضلع بھر میں انسدادِ ڈینگی مہم کا آغاز، پسنی اور اورماڑہ میں خصوصی اسپرے مہم جاری

گوادر (گوادر ڈیجیٹل ) ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر عوام کو ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے اور بیماری کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ضلع گوادر میں انسدادِ ڈینگی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کے تحت سب ڈویژن پسنی اور اورماڑہ میں خصوصی انسدادِ ڈینگی اسپرے اور آگاہی سرگرمیاں جاری ہیں۔
اس مہم میں محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی پسنی، میونسپل کمیٹی جیوانی اور متعلقہ ادارے بھرپور انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیمیں رہائشی علاقوں، سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، بازاروں اور دیگر حساس مقامات پر اسپرے کے ساتھ ساتھ ممکنہ افزائش گاہوں کی نشاندہی اور خاتمے کے اقدامات بھی کر رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور عوامی آگاہی کے اقدامات کو ترجیح دی جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، کھلے برتنوں اور پانی جمع ہونے والی جگہوں کا خاتمہ کریں اور انسدادِ ڈینگی مہم میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

ضلعی انتظامیہ گوادر عوام کی صحت کے تحفظ اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں