ضابطۂ اخلاق اور قواعد و ضوابط
یہ ضابطۂ اخلاق صحافتی اداروں، مدیران، نمائندگان اور تمام متعلقہ عملے کے لیے مرتب کیا گیا ہے تاکہ صحافت کے پیشے میں اعلیٰ معیار، درستگی، شفافیت اور ذمہ داری کے اصولوں کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کا مقصد افراد کے نجی حقوق اور عوام کے جاننے کے حق کے درمیان ایک منصفانہ توازن قائم کرنا ہے۔ یہ ضابطہ پرنٹ، آن لائن اور ڈیجیٹل تمام پلیٹ فارمز پر یکساں طور پر لاگو ہوتا ہے۔
1۔ پیشہ ورانہ معیار
صحافیوں اور اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اعلیٰ پیشہ ورانہ معیارات برقرار رکھیں۔ ضابطے کے الفاظ اور روح دونوں کا احترام ضروری ہے۔ ضابطے کو اتنا محدود نہ کیا جائے کہ اظہارِ رائے متاثر ہو اور نہ اتنا وسیع کیا جائے کہ انفرادی حقوق خطرے میں پڑ جائیں۔
2۔ درستگی اور شفافیت
- غلط، گمراہ کن یا مسخ شدہ معلومات اور تصاویر شائع نہ کی جائیں۔
- کسی غلطی کے سامنے آنے پر اسے فوری درست کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر معذرت بھی شائع کی جائے۔
- خبر، رائے اور تجزیے کے درمیان واضح فرق رکھا جائے۔
- ہتکِ عزت کے معاملات میں درست، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ طرزِ تحریر اختیار کیا جائے۔
3۔ جواب کا حق
اگر شائع شدہ خبر یا مواد کسی فرد یا ادارے کے بارے میں غلط تاثر پیدا کرے تو انہیں وضاحت، صفائی یا جواب دینے کا پورا موقع فراہم کیا جائے۔
4۔ پرائیویسی کا احترام
- ہر فرد کی نجی، خاندانی، گھریلو اور ذاتی زندگی کا احترام کیا جائے۔
- بغیر اجازت نجی جگہ پر فوٹوگرافی یا ویڈیو ریکارڈنگ نہ کی جائے۔
- اگر پرائیویسی کی خلاف ورزی ناگزیر ہو تو اس کی ٹھوس وضاحت اور عوامی مفاد ضروری ہے۔
5۔ ہراسانی اور دباؤ
- کسی شخص کو ہراساں نہ کیا جائے، نہ اس پر غیرضروری دباؤ ڈالا جائے۔
- اگر کوئی شخص بات کرنے، تصویر لینے یا سوال کا جواب دینے سے انکار کرے تو صحافی کو رک جانا چاہیے۔
- کسی شخص کے گھر یا نجی مقام پر زبردستی داخل ہونا سخت منع ہے۔
6۔ ہسپتال اور حساس مقامات
- ہسپتال یا نجی اداروں میں معلومات حاصل کرنے کے لیے اجازت لینا لازمی ہے۔
- مریضوں، اہلِ خانہ اور متعلقہ افراد کے نجی معاملات کی حفاظت ضروری ہے۔
7۔ جرائم کی کوریج
- جرم میں ملوث ملزمان کے رشتہ داروں، دوستوں یا وابستہ افراد کی شناخت ظاہر نہ کی جائے جب تک ضروری نہ ہو۔
- بچوں سے متعلق جرائم میں خصوصی احتیاط برتی جائے، مگر قانونی عمل میں رکاوٹ نہ آئے۔
8۔ خفیہ ذرائع اور معلومات کا حصول
- خفیہ کیمرے، ریکارڈنگ، ای میل یا پیغامات کا غیرقانونی حصول اور شائع کرنا ممنوع ہے۔
- صرف اس صورت میں خفیہ طریقوں سے معلومات حاصل کی جائیں جب کوئی اور راستہ نہ ہو اور معاملہ واضح عوامی مفاد سے متعلق ہو۔
9۔ تفریق اور امتیاز
- رپورٹنگ میں مذہب، رنگ، نسل، ذات، جنس یا معذوری کی بنیاد پر تعصب ہرگز نہ برتا جائے۔
- کسی فرد کی شناخت صرف اسی صورت ظاہر کی جائے جب خبر کی نوعیت اس کا تقاضا کرتی ہو۔
10۔ معاشی صحافت اور مفادات کا ٹکراؤ
- اندرونی یا خفیہ معاشی معلومات ذاتی فائدے کے لیے استعمال نہ کی جائیں۔
- اسٹاک ایکسچینج، سرمایہ کاری یا کاروباری معلومات کو اہلِ خانہ یا دوستوں کو منتقل نہ کیا جائے۔
- ایسی کمپنیوں میں سرمایہ کاری نہ کی جائے جن پر رپورٹنگ کی جارہی ہو۔
11۔ خفیہ ذرائع کا تحفظ
- معلومات فراہم کرنے والے ذرائع کی رازداری کا مکمل تحفظ کیا جائے۔
- کسی بھی دباؤ یا مفاد کے تحت سورس کو آشکار نہ کیا جائے۔
12۔ عدالتی اور قانونی معاملات
- عدالتی مقدمات میں گواہوں یا ممکنہ گواہوں کو رقم کی پیشکش نہ کی جائے۔
- ایسی ادائیگی نہ کی جائے جو گواہی پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔
یہ ضابطۂ اخلاق صحافتی آزادی، عوامی مفاد، شفافیت اور ذمہ داری کا مجموعہ ہے۔ اس پر عمل نہ صرف ادارے بلکہ پورے معاشرے کے مفاد میں ہے۔